گلبرگہ 5؍ستمبر (اعتماد نیوز)خشک سالی اور جاریہ ہفتہ ہوئی موسلادھار بارش
سے گلبرگہ ضلع میں تباہ ہوئیں فصلوں کے متاثرین کی امداد کے لئے ریاستی
حکومت نے10کروڑ روپئے جاری کئے ہیں ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر گلبرگہ ڈاکٹر این
وی پرساد نے بتائی۔ وہ آج یہاں اخباری نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے ،
اُنہوں نے مزید بتایا کہ کل گلبرگہ کا دورہ کر رہے چیف منسٹر سدرامیا کے
ہاتھوں فصلوں کی تباہی کے متاثرہ کسانوں کو امدادی چیکس تقسیم کئے جائیں گے
، اس طرح راحت کاری کاموں کا آغاز عمل میں آئیگا۔ ڈپٹی کمشنر گلبرگہ نے
مزیدبتایا کہ مانسون کی ناکامی کے سبب اور جاریہ ہفتہ ہوئی طوفانی بارش کے
نتیجہ میں فصلوں کی تباہی اور نقصانات کا جائزہ لینے کے
لئے ضلع کی سطح
پر130ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ان ٹیمو ں میں محکمہ زراعت ، محکمہ باغبانی
اور محکمہ مالگذاری کے عہدیداران شامل ہیں ۔ان ٹیموں کی رپورٹیں موصول ہونے
پر ہی فصلوں کی تباہی کے ہوئے نقصانات کا قطعی اندازہ ہوگا۔ تاہم ابتدائی
رپورٹوں کے مطابق گلبرگہ ضلع میں فصلوں کی تباہی سے81.72کروڑ کے نقصانات
ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جاریہ ہفتہ ہوئی
طوفانی بارش کے نتیجہ میں ہوئے نقصانات اور مکانوں کے جزوی و مکمل انہدام
کے متاثرین کو امداد کی فراہمی کے لئے ریاستی حکومت نے 4کروڑ روپئے جاری
کئے ہیں ۔ اس رقم سے گلبرگہ ضلع کے ہر رکن اسمبلی کو40لاکھ روپیوں کے حساب
سے کل 3.60کروڑ روپیوں کی امداد تقسیم کی گئی ہے ۔